حافظ آباد :سڑکوں پر کچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
خالی پلاٹس کی صفائی نہ کروانے والوں کیخلاف بھی ایکشن ہوگا:ڈپٹی کمشنر
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) ضلعی انتظامیہ نے خالی پلاٹس کی صفائی نہ کروانے اور گھروں، دکانوں یا کاروباری مراکز کا کچرا باہر پھینکنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں وارننگ اور نوٹس جاری کیے جائیں گے ، جبکہ خلاف ورزی پر جرمانے اور مقدمات درج کروائے جائیں گے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید حسین بہادر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن پر عمل درآمد کیلئے ضلع بھر میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کی غرض سے بھرپور کارروائی شروع کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن شہریوں کے خالی پلاٹس میں کوڑا کرکٹ جمع ہے یا وہاں فالتو گھاس اور جڑی بوٹیاں اُگی ہوئی ہیں، وہ فوری طور پر اپنے پلاٹس کی مکمل صفائی کروائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہاں کچرا اور پانی جمع نہ ہو۔ کوڑا کرکٹ اور پانی جمع ہونے سے تعفن، بدبو اور آلودگی پھیلنے کے علاوہ مختلف امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے ، جو شہریوں کی صحت کیلئے نقصان دہ ہے ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق میونسپل کمیٹی کی جانب سے ایسے پلاٹس کے مالکان کو صفائی کے لیے نوٹس جاری کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments