تفتیشی افسروں پر پرائیویٹ افراد سے رقم وصولی کا الزام
رقم نہ دینے والے سائلین کو خوار ،تمام الزامات بے بنیاد ہیں:تفتیشی افسر
موترہ (نامہ نگار) سرکل ڈسکہ کے پانچوں تھانوں کے تفتیشی افسروں پر سائلین سے مبینہ طور پر پیسے وصول کرنے کے لیے پرائیویٹ افراد رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ سرکل ڈسکہ کے پانچوں تھانوں سٹی، صدر، موترہ، بمبانوالہ اور ستراہ میں تعینات تفتیشی افسران، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز نے مبینہ طور پر سائلین سے رقم وصول کرنے کے لیے اپنے ساتھ پرائیویٹ افراد رکھے ہوئے ہیں۔ الزام ہے کہ یہ افراد تھانے آنیوالے سائلین کو مختلف حیلے بہانوں سے تنگ کرتے ہیں اور گھروں میں تعمیل کے لیے بھی جاتے ہیں۔ سائلین کسی انکوائری کے سلسلے میں تھانے آئیں تو تفتیشی افسر انہیں اپنے پرائیویٹ ملازمین سے ملنے کا کہتے ہیں، جہاں مبینہ طور پر ان سے پیسوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے ۔ رقم نہ دینے والے سائلین کو خوار کرنے اور قانونی کارروائی کی دھمکیاں دینے کا بھی الزام ہے ، جس کے باعث شہری خوف کے عالم میں رقم دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ سائلین نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او سیالکوٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ رابطہ کرنے پر تفتیشی افسروں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی مدد کے لیے پرائیویٹ افراد رکھے ہیں، پیسے لینے کے لیے نہیں، جبکہ باقی تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments