جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی عالمی سیرت کانفرنس اختتام پذیر
امید ہے طالبات میں سیرت النبیؐ پر تحقیقی کام کرنے کا جذبہ بڑھے گاَ:ڈاکٹر سعدیہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں منعقدہ نویں دو روزہ بین الاقوامی سیرت کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کے دوسرے روز سیرت اسٹڈی سینٹر میں مختلف علمی و تحقیقی سیشنز منعقد کیے گئے ، جن میں قومی و بین الاقوامی محققین نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے اور سیرتِ نبویؐ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔کانفرنس کے دوسرے روز ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی طالبات کے لیے خصوصی تحریری ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد سیرت النبیؐ کے موضوعات پر معیاری علمی و تحقیقی تحریر، مقالہ نویسی اور تحقیق کے رجحان کو فروغ دینا تھا۔ ورکشاپ میں طالبات کو سیرتِ طیبہؐ کے مختلف موضوعات پر تحقیقی کام کرنے اور علمی مواد کو مؤثر انداز میں تحریر کرنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن ادارہ عربی و علومِ اسلامیہ و سیرت سنٹر آف ایکسیلنس ڈاکٹر سیدہ سعدیہ نے تمام قومی و بین الاقوامی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی شب و روز کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس نہ صرف یونیورسٹی بلکہ سیالکوٹ کی بیٹیوں کے لیے بھی ایک علمی نعمت ہے ، جو انہیں سیرتِ نبویؐ کے حوالے سے تحقیق، مطالعے اور علمی ترقی کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے ذریعے طالبات میں سیرت النبیؐ پر تحقیقی کام کرنے کا جذبہ مزید فروغ پائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments