حساب کتاب کے تنازع پر 70سالہ شخص تشدد سے جاں بحق
انور نے حساب کرنے کاکہاتوعمر فاروق طیش میں آگیا اور گالم گلوچ کرنے لگا منع کرنے پر ہاتھا پائی،گھونسے ،انورزمین پرگرا، سر پرچوٹ جان لیواثابت ہوئی
راہوالی (نمائندہ دنیا) حساب کتاب کے تنازع پر ملزم نے 70 سالہ شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد دھکا دے دیا، جس سے وہ زمین پر گر کر جاں بحق ہو گیا۔ باہو چک کے رہائشی فخر الزمان نے اپنے تایا زاد بھائی سیف اللہ سکنہ باہو چک اور عمر فاروق سکنہ باہو چک کے ساتھ شراکت داری میں دھان کی خرید و فروخت کا کاروبار کر رکھا تھا۔ اس سلسلے میں ان کے درمیان حساب کتاب کا تنازع چل رہا تھا۔ مدعی کے مطابق عمر فاروق حساب میں مبینہ گھپلا کرتا تھا اور حساب مانگنے پر ٹال مٹول سے کام لیتا تھا۔
گزشتہ روز سہ پہر تین بجے مدعی کے والد محمد انور، تایا زاد بھائی سیف اللہ، چچا زاد بھائی عمیر اور عمر فاروق دھان خشک کرنے والی جگہ پر موجود تھے ۔ اس دوران محمد انور نے عمر فاروق سے حساب کتاب کرنے کا کہا تو وہ طیش میں آگیا اور گالم گلوچ کرتے ہوئے پورے خاندان کو قتل کرنے کی دھمکیاں دینے لگا۔ محمد انور نے اسے منع کیا تو ملزم نے ان کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کر دی اور گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دھکے دیے۔ اس کے نتیجے میں 70 سالہ محمد انور زمین پر گر گئے اور سر پر شدید چوٹ آنے کے باعث جاں بحق ہو گئے ۔ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ کینٹ پولیس نے فخر الزمان کی رپورٹ پر عمر فاروق کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments