45سال یازائد عمرمستحق خواتین بھی بی آئی ایس پی میں شامل
45سال یازائد عمرمستحق خواتین بھی بی آئی ایس پی میں شامل ایک کروڑ سے زائد مستفید خاندانوں میں سے 50لاکھ پنجاب کے رہائشی :روبینہ خالد
لاہور(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی بورڈ نے 45 سال یا اس سے زائد عمر کی ایسی غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے جنکی کبھی شادی نہیں ہوئی۔ اب یہ خواتین بھی مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے پر بی آئی ایس پی سے مالی معاونت حاصل کر سکیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس میں کیا۔روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد مستفید خاندانوں میں سے تقریباً 50 لاکھ خاندانوں کا تعلق پنجاب سے ہے ۔ یہ اعدادوشمار واضح کرتے ہیں کہ قومی فلاحی پروگرام بی آئی ایس پی کسی سیاسی وابستگی کے بغیر ملک بھر کے مستحق خاندانوں کی معاونت کر رہا ہے ۔ مستحق خواتین کو آسان اور شفاف ادائیگیوں کیلئے ڈیجیٹل موبائل والٹس اور انٹرآپریبلٹی پیمنٹ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے ۔ ون لنک کے ذریعے چھ پارٹنر بینکوں کو اس نظام سے منسلک کیا گیا ہے ۔ اب خواتین کسی مخصوص ادائیگی مرکز کی پابند نہیں ہوں گی بلکہ اپنی سہولت کے مطابق ملک بھر میں کسی بھی متعلقہ بینک کے مجاز ایجنٹ یا ریٹیلر سے رقم وصول کر سکیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments