جامعہ گجرات کی ایک رہائشگاہ سے خفیہ سپائی کیمرہ برآمد
پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر اور صفی اﷲ مروت کی متعلقہ حکام کو تحریری شکایت
گجرات(سٹی رپورٹر )جامعہ گجرات کی ایک سرکاری رہائش گاہ کے مشترکہ لاؤنج سے 360 ڈگری نائٹ ویژن خفیہ سپائی کیمرہ برآمد ہونے کے انکشاف نے تعلیمی و انتظامی حلقوں میں ہلچل مچا دی ۔ شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر اور شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیکچرر ڈاکٹر صفی اﷲ مروت نے مشترکہ تحریری شکایت گورنر پنجاب و چانسلر، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، چیئرمین ایچ ای سی، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA)، سی ایم آئی ٹی اور ڈی پی او گجرات سمیت دیگر اعلیٰ اتھارٹیز کو ارسال کر دی جس میں مقدمے کے اندراج، ڈیجیٹل فرانزک اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ شکایت کے متن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر کو جامعہ کی مرکزی رہائش گاہ سے ہٹا کر فیض لین میں واقع رہائش گاہ الاٹ کی گئی تھی، جس کا لاؤنج دیگر رہائشیوں کے ساتھ مشترک ہے ، جبکہ اس سے قبل یہ رہائش گاہ فیکلٹی آف سائنس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عادل رشید اور ان کے اہلِ خانہ کے زیرِ استعمال تھی۔ درخواست گزاروں کے مطابق 19 نومبر 2026 کی صبح تقریباً سوا گیارہ بجے دونوں اساتذہ نے لاؤنج کی دیوار پر سرفیس کنڈکٹ کے ذریعے لگے لیمپ ہولڈر میں بظاہر عام سفید بلب جیسا ایک مشکوک آلہ دیکھا تاہم باریک بینی سے معائنہ کرنے پر وہ نائٹ ویژن، ریموٹ آئی پی رسائی اور لوکل ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھنے والا پینورامک (360ڈگری) وائی فائی/آئی پی سپائی کیمرہ نکلا،
جس میں سے میموری کارڈ پہلے ہی نکالا جا چکا تھا۔ واقعے کے فوری بعد ڈائریکٹر میڈیا (اضافی چارج) ڈاکٹر محمد یوسف کو طلب کیا گیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر کیمرے کی تصاویر لیں جبکہ اسٹیٹ کیئر انچارج مبشر خلیل اور سیکیورٹی گارڈ رزاق بھی تقریباً سوا بارہ بجے موقع پر پہنچے اور ہاؤسنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف کو مصروفیت کے باعث واٹس ایپ کے ذریعے تصویری شواہد بھجوائے گئے ۔ شکایت گزاروں نے کہا کہ ڈی پی او گجرات مقدمہ درج کریں، سائبر کرائم ونگ کیمرہ، وائرنگ، روٹر اور لاگز قبضے میں لے کر ڈیجیٹل فرانزک کرے اور غائب میموری کارڈ برآمد کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments