شہری انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں بنانے کے حامی
مقصد نئے عہدے اور دفاتر بنانے تک محدود نہیں ہونا چاہیے :دنیا سروے
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ،نمائندہ خصوصی )پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے جاری بحث پر شہریوں نے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانے کی حمایت کر دی ۔ شہریوں نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافے اور انتظامی مسائل کے باعث موجودہ صوبائی نظام عوامی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہے نئے صوبے بننے سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے اور عوام کو تعلیم صحت روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں گی۔ روزنامہ دنیا کے سروے میں حافظ محسن، اعجاز کیلانی، وکیل احمد اور رانا صدیق نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آبادی کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے جبکہ بڑے صوبوں کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو سرکاری دفاتر اور انتظامی اداروں تک رسائی کیلئے طویل سفر کرنا پڑتا ہے ، نئے صوبے قائم ہونے سے انتظامی ڈھانچہ بہتر بنایا جا سکتا ہے اور مقامی سطح پر فیصلے ہونے سے عوامی مسائل کے حل میں تیزی آ سکتی ہے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا مقصد صرف نئے عہدے اور دفاتر بنانا نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے لیے واضح انتظامی منصوبہ بندی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مضبوط مقامی حکومتوں کا نظام بھی ضروری ہے ہر نئے صوبے کو مالی اور انتظامی خودمختاری دی جائے تاکہ وہ اپنے وسائل کے مطابق ترقیاتی منصوبے مکمل کر سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments