انڈس ہسپتال میں ذیابیطس سے آگاہی کی تقریب اور واک
مفت شوگر ٹیسٹ، کوئز مقابلہ، ماہرین کی صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی تلقین
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) رجب طیب اردگان (انڈس) ہسپتال مظفرگڑھ میں ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی تقریب اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام کو ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور بیماری پر مؤثر کنٹرول کے حوالے سے شعور فراہم کرنا تھا۔ تقریب میں ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر عرفان جاوید، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر شیراز حسن، ذیابیطس کنٹرول پروگرام کے انچارج ڈاکٹر شعیب شجراء، ہیڈ آف آپریشنز اسلم خان، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، ہسپتال کے عملے اور شہریوں نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے آگاہی پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔ تقریب کے دوران آگاہی سٹال قائم کیا گیا، جہاں ایف ایم سی کوآرڈینیٹر احسان باری کی سربراہی میں شہریوں کو ذیابیطس کی علامات، وجوہات، پیچیدگیوں، متوازن غذا، ورزش اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا، جبکہ شرکاء کے مفت شوگر ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
ڈاکٹر شعیب شجراء نے آگاہی سیشن میں خوراک، ورزش، ادویات کے درست استعمال اور باقاعدہ طبی معائنے کی اہمیت بیان کی۔ مریضوں کے لیے کوئز مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا اور درست جوابات دینے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عرفان جاوید نے کہا کہ ذیابیطس ایک خاموش بیماری ہے جو بروقت کنٹرول نہ ہونے کی صورت میں دل، گردوں اور آنکھوں سمیت جسم کے مختلف اعضا کو متاثر کرسکتی ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور شوگر کی مسلسل جانچ کو معمول بنائیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں آگاہی بروشرز بھی تقسیم کیے گئے۔ ہسپتال انتظامیہ نے مستقبل میں بھی عوامی صحت سے متعلق آگاہی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments