سُتھرا پنجاب کے تحت دیہات میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ
وزیر بلدیات کا تاندلیانوالہ کا اچانک دورہ،دکانداروں سے ملاقات ، حالات پو چھے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تاندلیانوالہ کے نواحی دیہات کا اچانک دورہ کرکے سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ستیانہ اور سدوال گاؤں کے مکینوں اور دکانداروں سے ملاقات کرکے صفائی کی صورتحال کے بارے میں فیڈبیک لیا۔ شہریوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ سُتھرا پنجاب کے ورکرز باقاعدگی سے آتے ہیں اور وہ مجموعی طور پر صفائی کے انتظامات سے مطمئن ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے کبھی دیہات میں صفائی کے ایسے نظام کا تصور بھی نہیں کیا تھا، تاہم اب دیہی علاقوں میں بھی شہروں جیسی صفائی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ذیشان رفیق نے شہریوں کی تجاویز نوٹ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ انچارج کو آگاہ کیا جائے ، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاندلیانوالہ سے واپسی پر صوبائی وزیر نے راستے میں گاڑی روک کر صفائی کے کاموں میں مصروف ورکرز سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments