شہریوں کو خون میں نہلانے کی دھمکی شرمناک ، منعم ظفر
پی پی کی تاریخ اسٹیبلشمنٹ سے فائدہ اٹھانے ، جمہوریت کا گلا گھونٹنے سے بھریایم کیو ایم کی ملی بھگت سے اداروں پر قبضہ کیا گیا،امیر جماعت اسلامی کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ بالخصوص کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے پُرامن شہریوں کو خون میں نہلانے کی دھمکی دینا انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے ۔ پیپلز پارٹی کی تاریخ اسٹیبلشمنٹ سے فائدہ اٹھانے ، اپنے سیاسی مفادات کیلئے جمہوریت کا گلا گھونٹنے سے بھری پڑی ہے ۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے نام پر فسطائیت کا مظاہرہ کیا ہے اور اقتدار کے حصول اور اس کے مزے لوٹنے پر اس کا زور رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی ملی بھگت سے کراچی کے تمام اداروں پر قبضہ کیا گیا۔پی ٹی آئی کی حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ختم کرنے میں 26ویں اور 27ویں ترامیم کروانے ، جوڈیشنل کمیشن کے ذریعے عدالتی نظام کو تباہ کرنے اور پیکا آرڈینینس کے نام پر صحافت پر قدغن لگانے میں بھی پیپلز پارٹی پیش پیش تھی۔ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے وطیرہ رہا ہے کہ تقسیم کرو، لسانی فسادات کراؤ اور حکومت کرو۔ کوٹہ سسٹم میں توسیع اور مردم شماری کو کم دکھا کر 2کروڑ 3لاکھ نوٹیفائی کرانے کے کراچی دشمن فیصلوں میں بھی پیپلز پارٹی کا کردار رہا ہے ۔جماعت اسلامی آئینی فریم ورک کے اندر انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے ، لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ اس وقت اسمبلیوں میں موجود بیشتر افراد فارم 47 کے ذریعے مسلط کیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments