سندھ ہائی کورٹ کا نہر خیام پر جاری تعمیرات روکنے کا حکم
اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ اور رہائشی ایوا اردشیر کاوس جی کی درخواست پر سماعت،کے ڈی اے کو آئندہ سماعت تک کام بند رکھنے کی ہدایت تعمیر کی اجازت کس نے دی ؟ ، جسٹس حسن اکبر ، سپریم کورٹ پہلے ہی روک چکی، انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سے بھی اجازت نہیں لی گئی،وکیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کا نہر خیام پر جاری تعمیرات روکنے کا حکم، کے ڈی اے کو آئندہ سماعت تک کام بند رکھنے کی ہدایت کردی۔ سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ نے نہر خیام پر جاری تعمیرات کے خلاف جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل سیف الدین ایڈووکیٹ اور رہائشی ایوا اردشیر کاوس جی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے ) کو آئندہ سماعت تک تعمیراتی کام روکنے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت جسٹس حسن اکبر نے استفسار کیا کہ نہر خیام پر تعمیرات کی اجازت کس نے دی ہے ؟ ۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نہر خیام پر تعمیرات سے پہلے ہی روک چکی ہے ۔ نہر خیام بارشوں کے پانی کی نکاسی کے لیے بنائی گئی تھی، تاہم اب وہاں سرکاری پیسوں سے تعمیرات کی جا رہی ہیں، جس سے نالے کی چوڑائی کم کی جا رہی ہے ۔ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ چند سال قبل بارشوں کے باعث انڈر پاس بھر گیا تھا اور 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ نہر خیام پر تعمیرات کے لیے سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سے بھی اجازت نہیں لی گئی۔ عدالت نے کے ڈی اے کو آئندہ سماعت تک نہر خیام پر جاری تعمیراتی کام روکنے کا حکم دیا۔ عدالتی احکامات کی نقول چیف سیکرٹری سندھ، کے ایم سی اور سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو ارسال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواستوں کی مزید سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments