کمشنر کا دورہ جھنگ، ترقیاتی منصوبوں، اراضی ریکارڈ کا معائنہ
ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی سیاسی رہنماؤں، بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیاسی رہنماؤں، بار ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ضلع میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں انتظامیہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ اور شہری مسائل کے بروقت حل کے عزم کا اظہار کیا۔ کمشنر نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کو ضروری قرار دیا۔
اجلاس میں سابق ارکان اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ، فیصل حیات جبوآنہ، محمد یعقوب شیخ، خالد غنی، امیر عباس سیال اور حذیفہ خان سیال بھی موجود تھے ۔ شرکاء نے شہری ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں، جن پر کمشنر نے متعلقہ ضلعی افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔بعدازاں کمشنر فیصل آباد نے ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اہم پرفارمنس انڈیکیٹرز پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے محکمانہ کارکردگی کا معیار عوامی توقعات سے بڑھ کر بنانے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے دستیاب وسائل دانشمندی سے استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر جھنگ کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments