ون ویک ون تحصیل مہم، ڈپٹی کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ
نعمان صدیق نے شاہراہوں کا تفصیلی دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہری علاقوں کو صاف ستھرا، خوبصورت اور بہترین میونسپل سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے جاری ون ویک ون تحصیل مہم کے تحت فیصل آباد میں صفائی، بیوٹیفکیشن، تجاوزات کے خاتمے اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف اہم علاقوں اور شاہراہوں کا تفصیلی دورہ کرکے مہم کے تحت جاری ترقیاتی، صفائی اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے نڑوالا روڈ، عبداللہ پور، ستیانہ روڈ، جناح کالونی، سرگودھا روڈ، جی ٹی ایس چوک، کینال روڈ، گیٹاں والا چوک، سول لائنز اور سمندری روڈ سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انور علی کانجو، اسسٹنٹ کمشنرز سٹی، صدر، سمندری، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ اور چک جھمرہ، منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی، منیجنگ ڈائریکٹر واسا، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے شاہراہوں کی واشنگ، پانی کے چھڑکاؤ، صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے ، سیوریج نالوں کی ڈی سلٹنگ اور گرین بیلٹس کی صفائی و بحالی کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کینال روڈ کی گرین بیلٹ کی صفائی، غیر ضروری بینرز اور تشہیری مواد اتارنے ، عبداللہ پور پل کی پینٹنگ، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی اور مختلف مقامات پر نصب یادگاری مونومنٹس کی صفائی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments