وزیرآباد :تحصیل ہسپتال کی فری فارمیسی بند‘مریض پر یشان
ن لیگی رہنمائوں اور شہریوں کا وزیر اعلیٰ ، سیکرٹری صحت سے فارمیسی بحالی کا مطالبہ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی فری فارمیسی کو بند ہوئے 20روز گزر گئے ،مریض پریشان، در بدر کی ٹھوکریں کھانے لگے ۔تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتال وزیرآباد میں انجمن بہبودی مریضاں کی فری فارمیسی کو بند ہوئے 20روز گزر گئے مگر تاحال بحال نہ ہو سکی جس کی وجہ سے غریب و مستحق مریض شدید پریشانی کا شکار ہیں اور در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔انجمن بہبودی مریضاں کی فری فارمیسی سے روزانہ سینکڑوں غریب مریض مفت ادویات سے مستفید ہوتے تھے مگر فری فارمیسی کی بندش کے بعد مریضوں کو مہنگی ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے جو غریب مریضوں کی پہنچ سے باہر ہے ۔ عثمان انصاری و دیگر شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت اور لاپروا ئی کی وجہ سے غریب مریض دربدر ہو گئے ہیں۔ مریض گھنٹوں ہسپتال میں دھکے کھانے کے بعد مایوس لوٹنے لگے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما افتخار احمد بٹ سمیت سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، سیکرٹری صحت اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال وزیرآباد کی فری فارمیسی کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments