سی ڈی اے اور انٹر نیشنل فنانس کارپوریشن کے مابین معاہدہ
معاہدے کے تحت آئی ایف سی اسلام آباد واٹر ایجنسی کو تکنیکی معاونت فراہم کریگا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے اور ورلڈ بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے مابین معاہدے پر دستخطوں کی تقریب ہوئی۔ سیکر ٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا،آئی ایف سی کے حکام نے شرکت کی۔معاہدے کے تحت آئی ایف سی اسلام آباد واٹر ایجنسی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف منصوبوں میں اپنی تکنیکی معاونت فراہم کریگا۔ اس ضمن میں آئی ایف سی اسلام آباد میں پانی اور سیوریج سے متعلقہ تین منصوبوں کیلئے اپنی ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز فراہم کریگا۔ ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے سی ڈی اے بورڈ اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ بورڈ سے پہلے ہی اصولی منظوری لی جاچکی ہے ۔اسلام آباد واٹر کے ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز متعلقہ قوانین کے تحت حاصل کی جارہی ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی اور سیوریج کے نظام سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کی تیکنیکی صلاحیتوں، تجربات و استعداد کار سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔