پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 4 فوڈ پوائنٹس بند، 2 لاکھ جرمانہ

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، 4 فوڈ پوائنٹس بند، 2 لاکھ جرمانہ

3700کلو ملاوٹی بیسن، 1000کلو ملاوٹی آٹا،980کلو ناقص میدہ تلف سلمیٰ بٹ کا متعلقہ افسروں کے ہمراہ مری بازاروں کا دورہ ،ناقص صفائی پر جرمانے

راولپنڈی، مری (نیوز رپورٹر، نمائندہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر معاون خصوصی فوڈ سلمیٰ بٹ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ملاوٹ مافیا کے خلاف رتہ امرال، گنج منڈی اورجامع مسجد روڈ میں قائم فوڈ پوائنٹس اور پروڈکشن یونٹس پر کارروائیاں کیں ۔ کارروائی کے دوران 3700کلو گرام ملاوٹی بیسن، 1000کلو گرام ملاوٹی آٹا اور 980کلو گرام ناقص میدہ موقع پر تلف کر دیا گیا۔

ملاوٹ میں ملوث 2 فوڈ پوائنٹس کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔چیکنگ کے دوران بعض فوڈ پوائنٹس پر چوہوں کے فضلات اور مردہ چوہوں کی موجودگی پائی گئی جس پر متعلقہ اداروں نے 2لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ انتہائی ناقص صفائی، غیر معیاری اشیائے خورونوش اور ملاوٹ ثابت ہونے پر 4فوڈ پوائنٹس کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔ سلمیٰ بٹ نے کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ ملاوٹ کرنے والے عناصر نہ صرف قانون توڑ رہے ہیں بلکہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں جس پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے ۔ 

ادھر معاون خصوصی سلمیٰ بٹ کا مری فورڈ اتھارٹی اور پیرا فورس کے افسران کے ہمراہ مختلف بازاروں کا دورہ ، حفظان صحت کے خلاف صفائی ستھرائی کا خیال نہ رکھنے اور زائد المعیاد اشیاء رکھنے پر مختلف پوائنٹس میں دکانداروں کو جرمانے بھی کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات کے علاوہ پنجاب بھر کے عوام کو بہتر صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں