ایم ڈی بیت المال کی ای کچہری‘ شکایات کو فوری حل کرنیکی ہدایت
ملک بھر سے لوگوں کی شکایات سنیں،شفافیت اور احتساب اولین ترجیح،سینیٹر شاہین خالد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ایم ڈی پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے گزشتہ روز عوامی مسائل کے حل اور شفاف طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کے مقصد سے ای کچہری کا انعقاد کیا۔ ای کچہری کے دوران ہر شکایت کو توجہ اور تحمل سے سنا اور بروقت ازالے کویقینی بنانے کیلئے متعلقہ افسران کوہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ملک کے تقریباً تمام صوبوں سے شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل اجاگر کیے۔ انہوں نے کہا کہ ای کچہریاں بالخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے شمولیت سے انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ حکومت کے شفافیت اور احتساب کے عزم کو آگے بڑھانے کیلئے ای گورننس اور ڈیجیٹلازیشن کا ادارے میں فروغ سمیت بائیومیٹرک تصدیق شدہ ادائیگیاں اور دیگر اقدامات کو اجاگر کیا۔