پبلک ٹرانسپورٹ روٹ پرمٹ سسٹم انشورنس ریپوزٹری کیساتھ انٹیگریٹ
مسافروں، ڈرائیورز اور تیسرے فریق کو حادثات کی صورت میں مالی تحفظ ملے گا
اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) ایس ای سی پی نے حکومت پنجاب، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) اور انشورنس ایسوسی ایشن کے تعاون سے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ روٹ پرمٹ سسٹم کو سی ڈی سی کی انشورنس ریپوزٹری کے ساتھ کامیابی سے منسلک کر دیا ہے تاکہ موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس سلسلے میں اسلام آباد میں تقریب ہوئی جس میں چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد ، سیکرٹری پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی حسن احسن اور سی ای او سی ڈی سی بدیع الدین نے شرکت کی۔ یہ اقدام سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا کیونکہ اس سے مسافروں، ڈرائیورز اور تیسرے فریق کو حادثات کی صورت میں مالی تحفظ اور بروقت معاوضہ مل سکے گا نظام کے تحت حکومت پنجاب نے تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لیے تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس لازمی قرار دے دی ہے ۔ اب روٹ پرمٹ کے اجرا اور تجدید کو انشورنس سے مشروط کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔پنجاب نے اپنے وہیکل روٹ پرمٹ نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز بھی کر دیا ہے ، جسے سی ڈی سی کی انشورنس ریپوزٹری کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے ۔