سکولوں میں طلبہ کیلئے مفت کتابوں کی تقسیم شروع
پنجاب میں مجموعی طور پر 3 کروڑ مفت کتابیں تقسیم کی جائیں گی، محکمہ تعلیم
لاہور(خبر نگار)پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کیلئے مفت درسی کتابوں کی تقسیم کا آغاز ہو گیا ہے ، صوبے بھر میں لاکھوں طلبہ مستفید ہوں گے ۔پنجاب میں مجموعی طور پر 3 کروڑ مفت کتابیں تقسیم کی جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سرکاری سکولوں میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر مفت درسی کتابوں کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے ، مختلف اضلاع اور تحصیلوں کے وئیر ہاؤسز میں کتابیں پہنچا دی گئی ہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق رواں سال پنجاب بھر میں 3 کروڑ سے زائد درسی کتابیں طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔
کتابوں کی ترسیل کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اور سکولوں تک بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انچارج کاشف شہزاد سٹی تحصیل وئیر ہاؤس کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام وئیر ہاؤسز میں کتابوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہر طالبعلم کو نئے تعلیمی سال کے آغاز پر مکمل سیٹ دستیاب ہو۔حکام کا کہنا ہے کہ کتابوں کی منصفانہ تقسیم کیلئے مانیٹرنگ کا نظام بھی سخت کیا گیا ہے۔طلبہ اور اساتذہ نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت کتابوں کی فراہمی سے تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔