فوڈ اتھارٹیز کی کارروائی ،200لٹر مضر صحت دودھ تلف

 فوڈ اتھارٹیز کی کارروائی ،200لٹر مضر صحت دودھ تلف

کارروائی نواب ٹاؤن سوہان میں کی گئی ،فیکٹری مالکان کیخلاف مقدمہ درج

 راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی اور اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے علی الصبح ایک بڑی مشترکہ کارروائی کے دوران جعلی دودھ تیار کرنے والی فیکٹری بے نقاب کر دی۔ ترجمان کے مطابق کارروائی نواب ٹاؤن سوہان کے علاقے میں خفیہ اطلاع اور طویل ریکی کے بعد عمل میں لائی گئی۔کارروائی کے دوران حکام نے موقع سے تقریباً 200 لٹر جعلی دودھ کا تیار شدہ محلول، 50کلوگرام خشک پاوڈر اور 32 کلوگرام فرائنگ آئل برآمد کر کے تلف کر دیا جبکہ جعلی دودھ تیار کرنے میں استعمال ہونے والا تمام سازوسامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ مضر صحت دودھ شہریوں کو سپلائی کیا جا رہا تھا جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے فیکٹری مالکان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر یہ کامیاب کارروائی ممکن ہوئی جس سے دونوں اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کا ثبوت ملتا ہے ۔ اب تک پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مدد سے اسلام آباد میں 20 سے زائد بڑے چھاپے مارے جا چکے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سخت اور بلا امتیاز کارروائیوں کے باعث ملاوٹ مافیا دباؤ کا شکار ہو کر دیگر صوبوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں