تیزی سے بڑھتی آبادی سنگین قومی چیلنج بن چکا ،وزیر صحت
ہر سال تقریباً 62 لاکھ افراد کا اضافہ جو نیوزی لینڈ کی کل آبادی سے بھی زیادہ ہے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کی صدارت میں ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر اجلاس ہوا، جس میں مشیر وزیر خزانہ عدنان پاشا صدیقی، سیکرٹری صحت، ڈی جی پاپولیشن، ڈی جی ہیلتھ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث صحت کے نظام اور قومی وسائل پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 62 لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے جو کہ نیوزی لینڈ کی کل آبادی سے بھی زیادہ ہے ۔ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ایک سنگین قومی چیلنج بن چکی ہے اور صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور روزگار کے شعبے شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ پاکستان اس وقت دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک ہے اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو آئندہ پانچ سال میں آبادی کے لحاظ سے انڈونیشیا کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہے ۔ آبادی میں تیزی سے اضافہ ملکی انفراسٹرکچر کو متاثر کر رہا ہے اور قومی منصوبہ بندی کو خطرے میں ڈال رہا ہے ۔