پیسک: 3 اضلاع کے بورڈز آف مینجمنٹ کی تشکیل کی منظوری
23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی اپ گریڈیشن کا لائحہ عمل بھی منظور کرلیاگیا
لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا 134واں بورڈ اجلاس منعقد ہوا۔ پیسک ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں 12نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے، سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی سو فیصد کالونائزیشن اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی کارکردگی بڑھانے کیلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔
بورڈ نے پیسک اسٹیٹ ڈویلپمنٹ،مینجمنٹ اور ناقابل انتقال پراپرٹی رولز 2026 کی منظوری دی،ان مجوزہ رولز کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ سے لی جائے گی۔ پیسک بورڈ اجلاس میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹس خانیوال،میاں چنوں اور ساہیوال کے بورڈز آف مینجمنٹ کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔اوکاڑہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، حافظ آباد اور پاکپتن میں نئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کیلئے نیڈ ایسیسمنٹ سٹڈی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی اپ گریڈیشن کا لائحہ عمل بھی منظور کیاگیا۔ 7.2ارب کی لاگت سے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔