ہائرایجوکیشن ، ٹیک ویلی پاکستان میں 1 لاکھ وظائف کا معاہدہ
رواں سال 14 سپیشلائزیشنز اور 82 کورسز متعارف کرائے گئے :وزیر تعلیم
لاہور(خبر نگار)محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب اور ٹیک ویلی پاکستان کے درمیان بڑا معاہدہ طے پا گیا، ایک لاکھ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس سکالرشپس مفت دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب اور ٹیک ویلی پاکستان کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے ، جس کے تحت صوبے بھر کے طلبہ کیلئے ایک لاکھ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس سکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔حکام کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیک سکالرشپ پروگرام ہے، جس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی شامل ہیں۔
یئر آف یوتھ کے تحت شروع کیے گئے اس پروگرام میں نجی اور سرکاری جامعات کے طلبہ و اساتذہ بغیر کسی تفریق کے مفت کورسز حاصل کر سکیں گے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ ہم نے اس پروگرام کو وسعت دی ہے ۔پروگرام کے تحت طلبہ کو آئی ٹی، ڈیٹا اینالیٹکس، سائبر سکیورٹی اور جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس جیسے شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔رواں سال 14 اسپیشلائزیشنز اور 82 کورسز متعارف کرائے گئے ہیں جبکہ صوبے کی 64 جامعات اور کالجز اس پروگرام کا حصہ بنیں گے۔