کنٹرولر امتحانات کے دورے، 8امیدوار نقل کرتے پکڑے گئے
زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل کاربند ،نقل مافیا کو برداشت نہیں کیا جائیگا،تنویر اصغر
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر کی جانب سے جاری شدہ تفصیلات کے مطابق آٹھ اُمیدواروں کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جن کے خلاف کیس رجسٹرڈ کر کے بورڈ آفس کی ڈسپلن برانچ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ جن میں امتحانی مرکز گورنمنٹ ایلیٹ ہائی سکول مورگاہ، راولپنڈی سے دو اُمیدوار گورنمنٹ ہائی سکول چک بیلی خان، راولپنڈی سے تین اُمیدوار اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جٹھہ ہتھیال سے تین اُمیدوار شامل ہیں۔ مزید برآں کنٹرولرامتحانات نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ڈھوک کشمیریاں سنٹر اے بی، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ڈھوک کشمیریاں گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فاروویمن مری روڈ، راولپنڈی گورنمنٹ ہائی سکول ڈھلا، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بسالی اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جٹھہ ہتھیال کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا جہاں امتحانی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر واضح کیا گیا کہ حکومتِ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل کاربند ہیں اور نقل مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔