معرکہ حق میں کامیابی ، بھارتی غرور خاک میں مل گیا ، عارف شیرازی
راولپنڈی میں عشرہ تشکرکے سلسلہ میں مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام اے پی سی مزمل ہاشمی، عبداللہ گل ، ضیا اللہ شاہ، شہیر احمد سیالوی ، شرجیل میرودیگر نے خطاب کیا
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ گزشتہ سال مئی میں معرکہ حق ،بنیان مرصوص میں بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے اس کو ایسا سبق سکھایا ہے کہ وہ ابھی تک اپنے زخم چاٹ رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی کے زیر اہتمام بنیان مرصوص ، معرکہ حق ، عشرہ تشکر کے سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ترجمان پاکستان مرکزی مسلم لیگ مزمل اقبال ہاشمی، انجمن نوجوانان کے صدر عبداللہ گل ،مسلم لیگ کے رہنما ضیا اللہ شاہ، پاکستان نظریاتی پارٹی کے سربراہ شہیر احمد سیالوی،انجمن تاجران کے صدر شرجیل میر، صدر امن کمیٹی حافظ اقبال رضوی، تعلیم القرآن راجہ بازار کے مولانا آغا اسد محمود،سنی علما کونسل کے مفتی بلال، سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی انجینئر مبین صدیقی، شہباز احمد راجپوت اور شیخ عبدالوحید نے بھی اظہار خیال کیا۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ کی امداد اور نصرت سے پاکستان کے بہادر سپوتوں نے بھارت کا غرورخاک میں ملادیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں تاریخی کامیابی سے دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند اور بھارت کا غرور خاک میں مل گیا ہے ۔ اب دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گا۔ اب امریکا سمیت دنیا کے دیگر ممالک جنگ بندی اور قابل قبول معاہدے کے لئے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس بڑی جنگ میں پاکستان کو سرخرو کرے گا ۔