مویشی منڈیوں کیلئے سکیورٹی پلان، 1500اہلکار تعینات
منظور شدہ مقامات کے علاوہ منڈیاں لگانے والوں کیخلاف بھی قانونی کارروائی کا فیصلہجعلسازوں، جیب کتروں کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے مؤثر پٹرولنگ پلان بھی مرتب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس جواد طارق کی ہدایات پر اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت کی مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ سکیورٹی پلان کے تحت اسلام آباد پولیس کے 1500سے زائد افسران و جوان مویشی منڈیوں میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے تاکہ منڈیوں میں آنے والے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ اس کے ساتھ ساتھ منظور شدہ مقامات کے علاوہ غیر قانونی مویشی منڈیاں لگانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلسازوں، جیب کتروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے مؤثر پٹرولنگ پلان مرتب کیا گیا ہے۔