عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے ،وزیرتعلیم

عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے ،وزیرتعلیم

تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں سید سردار شاہ کاوزیراعلیٰ ہاؤس کمپلینٹ سیل کا دورہ ،فون پر عوامی شکایات سنیں

کراچی(این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر وزیراعلی ہاؤس میں قائم پبلک کمپلینٹ سیل میں عوامی شکایات کے ازالے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ، جہاں صوبائی وزرا، مشیران اور معاونینِ خصوصی روزانہ کی بنیاد پر عوام کے مسائل سن کر متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایات دے رہے ہیں۔اسی سلسلے میں جمعہ کو صوبائی وزیرِ تعلیم سید سردار شاہ نے وزیراعلی ہاؤس کمپلینٹ سیل کا دورہ کیا اور فون پر عوامی شکایات سنیں۔ اس موقع پر شہریوں نے تعلیم، صحت، بلدیات اور دیگر محکموں سے متعلق اپنے مسائل وزیرِ تعلیم کے سامنے پیش کیے ۔وزیرِ تعلیم سید سردار شاہ نے متعلقہ محکموں کے افسران سے بذریعہ فون رابطہ کرکے عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔

انہوں نے سیکریٹری تعلیم، سیکریٹری صحت اور سیکریٹری بلدیات کو احکامات جاری کیے کہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کی واضح ہدایت ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں کیونکہ ملک کی پائیدار ترقی کے لیے تعلیم بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے ۔ حکومت سندھ عوام کی معمولاتِ زندگی میں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں