بلوچ نوجوانوں کو معیاری تعلیم وقت کی ضرورت،سیدال خان

بلوچ  نوجوانوں کو معیاری تعلیم وقت کی ضرورت،سیدال خان

معاشی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں کفایت شعاری وقت کی اہم ضرورت ،وفود سے گفتگو

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف اہم شخصیات، سرکاری حکام، تعلیمی اداروں کے نمائندگان، سماجی و صحافتی شخصیات اور وفود نے ملاقاتیں کیں، قومی اداروں کی بہتری، اعلیٰ تعلیم کے فروغ، ثقافتی ہم آہنگی، کفایت شعاری، اور ملکی سیاسی و سماجی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی سیکرٹری وزارتِ اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل کی ملاقات میں قومی نشریاتی اداروں کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں قومی ادارے عوام کی آگاہی، تعلیم اور قومی شعور کی بیداری میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، نئی جامعات کے قیام، تعلیمی سہولیات کی فراہمی، تحقیق کے فروغ اور ڈیجیٹل نظام کی بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری اور جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنا قومی ترقی اور پائیدار استحکام کے لیے ناگزیر ہے ۔ سابق وفاقی وزیر غالب خان اور سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل فاروق خان ناصر کی سربراہی میں ایک وفد نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری بچت مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں کفایت شعاری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں