پبلک پراپرٹی سے غیرقانونی ہورڈنگز ہٹانے کافیصلہ
بل بورڈز کی وجہ سے حادثہ کی ذمہ داری میو نسپل کمشنر پر عائد ہو گی ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ، مقدمہ درج کیا جائے گا،کمشنرکراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر میں پبلک پراپرٹی پر نصب غیر قانونی بل بورڈز بینرز اور ہورڈنگز کو ہٹائے جائیں گے ۔ اجلاس نے اتفاق کیا کہ پرائیویٹ پراپرٹیز پر نصب غیر محفوظ بل بورڈز بینرز اور ہورڈنگز گینٹریز بھی غیر قانونی ہیں۔فیصلہ کیا گیا کہ تمام ٹاؤنز اور اداروں میں ویجیلینس کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جن میں ماہرین اور اچھی شہرت کے حامل آرکیٹکٹس شامل کئے جائیں گے جو غیر محفوظ بل بورڈز اور ہورڈنگز کے معیار کو چیک کرکے محفوظ اور غیر محفوظ ہونے کا تعین کریں گے تاکہ غیر محفوظ بورڈز حادثات کا سبب نہ بنیں فیصلہ کیا گیا کہ مون سون سے قبل شہر میں غیر محفوظ بل بورڈز یا ہورڈنگز دئے جائیں گے تاکہ بارش یا تیز ہواوں میں ان کی وجہ سے حادثات کے خد شات کو دور کیا جاسکے ۔کمشنر نے کہا کہ موجودہ ٹیسٹنگ کا معیار غیر تسلی بخش ہے اسے چیک کرنے کی ضرورت ہے اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں کہا کہ مون سون کے موسم میں کسی بھی غیر محفوظ بل بورڈز کی وجہ سے حادثہ ہو ا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ میو نسپل کمشنر یا متعلقہ افسر پر عائد ہو گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی مقدمہ درج کیا جائے گا۔