پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،7ہزار لٹر غیر معیاری جوس تلف
کارروائی چکوال کی سبزی منڈی میں جوس ڈسٹر ی بیوٹر کے خلاف کی گئی،50ہزار جرمانہ
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی ڈویژن نے عوام کو مضر صحت اشیائے خورونوش کی فراہمی روکنے کیلئے چکوال میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 ہزار لٹر ناقص اور غیر معیاری جوس تلف کر دیا جبکہ جوس ڈیلر پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا۔ترجمان اتھارٹی کے مطابق کارروائی چکوال کی سبزی منڈی میں موجود ایک جوس ڈسٹر ی بیوٹر کے خلاف کی گئی، جہاں مختلف برانڈز کے جوس کے سیمپلز حاصل کر کے لیبارٹری تجزیے کیلئے بھجوائے گئے تھے ۔ لیب رپورٹ میں جوس فوڈ سیفٹی کے مقررہ معیار پر پورا نہ اتر سکا جس کے بعد اتھارٹی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بڑی مقدار میں موجود ناقص جوس کو موقع پر ہی تلف کر دیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ناقص جوس انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا تھا، اس لیے عوامی صحت کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں اشیائے خورونوش کی کوالٹی یقینی بنانے کیلئے سیمپلنگ اور انسپیکشن کا عمل مسلسل جاری ہے ۔ مختلف اضلاع میں دودھ، مشروبات، مصالحہ جات، گھی، آئل اور دیگر اشیاء کے معیار کو چیک کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔