محرم الحرام ،راولپنڈی میں 312افراد فورتھ شیڈول میں شامل
199 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی،83 کی زبان بندی کے احکامات جاری ،کمشنر پنجاب بھر میں محرم الحرام کے بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنا رہے ، خواجہ سلمان رفیق
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا راولپنڈی میں اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین کی اجلاس میں شرکت ہوئی۔ صوبائی وزراء ملک صہیب احمد بھرتھ اور بلال اکبر خان بھی ہمراہ تھے ۔ کمشنر راولپنڈی عامر خٹک اور آر پی او بابر سرفراز الپا نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ راولپنڈی ڈویژن میں تمام 4376 مجالس اور 757 جلوسوں کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ 199 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 83 کی زبان بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں 312 افراد کو فورتھ شیڈول میں رکھا گیا ہے ۔ محرم الحرام کے دوران پولیس کے ہمراہ آرمی کی 5 اور رینجرز کی 7 کمپنیاں بھی تعینات ہوں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان تمام ڈیویژنل ہیڈکوارٹرز میں جاکر انتظامات دیکھ رہی ہے ۔ پنجاب بھر میں محرم الحرام کے بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنا رہے ہیں۔ محرم الحرام ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے ۔