راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی، چار رکنی اجرتی قاتل گینگ گرفتار

 راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی، چار رکنی اجرتی قاتل گینگ گرفتار

ملزمان نے 50لاکھ کے عوض شہری کو اغواکرکے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی

   راولپنڈی (خبر نگار) راولپنڈی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دوسرے صوبے سے آنے والے چار رکنی اجرتی قاتل گینگ کو گرفتار کر کے ایک شہری کی جان بچا لی ، ملزمان سے اسلحہ، نقد رقم اور دو گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان نے 50 لاکھ روپے کے عوض ایک شہری کو اغواکرکے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی جبکہ موقع پر قتل کرنے کے لیے 20 لاکھ روپے اجرت مقرر کی گئی تھی۔نصیر آباد پولیس نے مشکوک گاڑی کو روک کر چیکنگ کی تو اسلحہ برآمد ہوا جبکہ گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ بھی لگی ہوئی تھی۔دوران تفتیش گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ تین ساتھیوں کے ہمراہ ایک شہری کی سپاری لینے کے لیے راولپنڈی آئے تھے ، جس پر پولیس نے دیگر تین ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان دہشت گردی، قتل، منشیات اور اسلحہ سمیت مختلف مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں جبکہ سپاری دینے والے شخص اور دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں