آرڈی اے ،غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف کارروائیاں جاری
این او سی کے بغیر تشہیر پر ویٹرن انکلیو لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو شوکاز نوٹس جاری
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی عامر خٹک کی ہدایات پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت کاروائی کر رہا ہے ۔ آرڈی اے نے ویٹرن انکلیو لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ مذکورہ نوٹس ٹیکسلا راولپنڈی میں واقع ہاؤسنگ منصوبے کی آر ڈی اے سے قانونی منظوری حاصل کیے بغیر سوشل میڈیا پر تشہیر، مارکیٹنگ اور پلاٹوں کی فروخت کرنے پر جاری کیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے سخت نوٹس لیتے ہوئے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے محتاط رہیں، کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے جھانسے میں نہ آئیں اور اپنی قیمتی جمع پونجی غیر محفوظ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرکے خطرے میں نہ ڈالیں۔