صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے ،شفیع جان

 صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے ،شفیع جان

پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا سے ملاقات، مسائل بارے آگاہ کیا

پشاور (دنیا رپورٹ)پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد راولپنڈی کے وفد نے پشاور میں وزیر اطلاعات حکومت خیبر پختونخوا شفیع جان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت تنظیم کے صدر قمر یوسفزئی نے کی، وفد میں نائب صدور سردار یوسفزئی اور زاہد خان، سابق سیکرٹری رحمت محسود اور کوآرڈینیٹر ثاقب سعید شامل تھے ۔ سردار یوسفزئی نے تنظیم کی جانب سے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو درپیش مسائل، ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور فلاحی سہولیات سے متعلق گزارشات پیش کیں۔ زاہد خان اور ثاقب سعید نے بھی مختلف امور پر اظہارِ خیال کیا، صدر قمر یوسفزئی نے صدارتی گفتگو میں تنظیم کے مؤقف اور مطالبات کو جامع انداز میں پیش کیا۔وفد نے وزیر اطلاعات کو بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافی کئی دہائیوں سے قومی اور بین الاقوامی میڈیا میں صوبے کی نمائندگی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں، سیاحت، ثقافت، سرمایہ کاری کے مواقع، امن و امان اور حکومتی اصلاحات کو مؤثر انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔

دہشت گردی، قدرتی آفات اور دیگر مشکل حالات میں بھی ان صحافیوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داری اور جرات کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔وفد نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں خدمات انجام دینے والے خیبر پختونخوا کے صحافی نہ تو وفاقی حکومت اور نہ ہی پنجاب حکومت کی صحافی فلاحی سکیموں سے استفادہ کر سکتے ہیں، اس لیے انہیں اپنی صوبائی حکومت کی فلاحی پالیسیوں میں بھی مساوی بنیادوں پر شامل کیا جانا چاہیے ۔ وزیر اطلاعات نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد راولپنڈی کی خدمات کو سراہا اور یقین دلایا کہ تنظیم کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور مطالبات کا مثبت جائزہ لیا جائے گا تاکہ صحافی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کیا جا سکے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...