پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم، مراکشی سفیر

پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم، مراکشی سفیر

مراکش کے قومی دن اور شاہ محمد ششم کی تخت نشینی کی 27ویں سالگرہ کی تقریب

اسلام آباد (الماس حیدر نقوی) مراکش کے قومی دن اور شاہ محمد ششم کی تخت نشینی کی 27ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں مملکتِ مراکش کے سفیر محمد کرمون نے کہا ہے کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان 72برس سے زائد عرصے پر محیط تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تاریخی دوستی پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے، جس میں باقاعدہ سیاسی مذاکرات، قانونی فریم ورک کو وسعت دینا، اعلیٰ سطح وفود کے تبادلے اور مختلف بین الاقوامی تنظیموں میں مثالی تعاون شامل ہے۔ مراکش کے سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مملکتِ مراکش اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ ترقی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید اعلیٰ سطح تک لے جانے کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمد ششم کی قیادت میں گزشتہ ستائیس برسوں کے دوران مراکش نے جمہوری اداروں کو مضبوط بنایا، ملکی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں تین گنا سے زیادہ اضافہ کیا اور سماجی تحفظ کے نظام کو وسعت دیتے ہوئے صحت اور سماجی خدمات تک عوام کی رسائی کو نمایاں طور پر بہتر بنایا۔سفیر نے کہا کہ مراکش میں امن، سلامتی اور سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کی مؤثر کارکردگی نے معاشی ترقی کو نئی رفتار دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2025ء میں مراکش کی اقتصادی شرح نمو تقریباً 4.9فیصد رہی جبکہ 2026ء میں بھی اسی سطح یا اس سے بہتر رہنے کی توقع ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...