ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن ، حوالہ ہنڈی نیٹ ورک بے نقاب ، ایک کروڑ سے زائد نقدی برآمد

 ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن ، حوالہ ہنڈی نیٹ ورک بے نقاب ، ایک کروڑ سے زائد نقدی برآمد

جوڑیا بازار میں کارروائی کے دوران مرکزی ملزم حارث اور اسکاساتھی گرفتار ،مالیاتی ریکارڈ، ڈیجیٹل شواہدکے لیے تحقیقات کا آغاز

کراچی (این این آئی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے کمرشل بینکس سرکل (سی بی سی) کراچی نے غیر قانونی حوالہ/ہنڈی نیٹ ورکس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران جوڈیا بازار میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران مرکزی ملزم حارث اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک کروڑ 50 ہزار روپے (10.05 ملین روپے) نقد رقم برآمد کر لی گئی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی خصوصی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکس سرکل کراچی کی نگرانی میں کی گئی۔چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے ڈیجیٹل شواہد، موبائل ڈیٹا اور ہاتھ سے تحریر کردہ لیجر بھی برآمد کیا گیا، جس میں بینکاری نظام استعمال کیے بغیر حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرونِ ملک رقوم کی ترسیل کا ریکارڈ موجود تھا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ مالیاتی ریکارڈ، ڈیجیٹل شواہد اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ غیر قانونی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے تمام سہولت کاروں، مالی معاونین اور دیگر ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے ۔مالیاتی جرائم، حوالہ ہنڈی، منی لانڈرنگ اور غیر قانونی رقوم کی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے تمام غیر قانونی نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے ادارہ پرعزم ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...