سیالکوٹ:خطرناک ،بوسیدہ عمارتوں کیخلاف آپریشن
میونسپل کارپوریشن نے مختلف علاقوں میں 11عمارتوں کو سیل کر دیا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ نے شہر بھر میں خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں کے خلاف منظم آپریشن کا آغاز کر دیا تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ، بالخصوص موسم برسات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کے بلڈنگ اور انفورسمنٹ انسپکٹرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کو سیل کر دیا ۔
انہوں نے بتایا کہ متعلقہ عمارتوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان عمارتوں کو مقررہ مدت کے اندر محفوظ طریقے سے مسمار کریں تاکہ شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مالکان مقررہ وقت میں کارروائی نہ کریں تو میونسپل کارپوریشن قانون کے مطابق خود ان عمارتوں کو مسمار کرے گی اور تمام اخراجات متعلقہ مالکان سے وصول کیے جائیں گے ۔چیف آفیسر نے بتایا کہ شہر میں موجود دیگر خطرناک عمارتوں کی نشاندہی اور قانونی کارروائی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments