بارشیں، راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا ہائی الرٹ، چھٹیاں منسوخ
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) مون سون بارشوں کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔۔۔
ایگزیکٹو آفیسر عامر رشید کی خصوصی ہدایات پر ایمرجنسی سٹاف کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ نالوں کے اطراف رہائش پذیر افراد کو بھی ممکنہ خطرات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔بارشوں کے دوران نکاسیٔ آب کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ افسران، مشینری اور عملہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔ ترجمان راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق مون سون سیزن سے قبل خصوصی صفائی مہم کے دوران ٹینچ بھاٹہ، جان کالونی، اسلم مارکیٹ، حبیب کالونی، فرینڈز کالونی، شالے ویلی، رینج روڈ، رینج روڈ کالونی، ڈھوک بنارس، غازی آباد، کامران مارکیٹ، فیصل کالونی اور آڈرا 22نمبر سمیت اہم نالوں کی صفائی تقریباً مکمل کر لی گئی ہے اور ان تمام مقامات کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ تمام متعلقہ عملہ 24گھنٹے الرٹ ہے، جبکہ بھاری اور ہلکی مشینری کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رکھا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments