سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ ، میثاقِ معیشت ضروری،اعجازالحق

سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ ، میثاقِ معیشت ضروری،اعجازالحق

38سال گزر گئے ضیا الحق کے قاتل نہ ملے ، تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ شہید صدر جنرل محمد ضیاء الحق نے ملک میں اسلامی قوانین کے نفاذ، افغان جہاد اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے جیسی عظیم خدمات انجام دیں جنہیں تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔38سال گزرنے کے باوجود عوام آج بھی قاتل کے متلاشی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاک امریکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی 350 صفحات پر مشتمل رپورٹ (جس کے 37صفحات انتہائی اہم ہیں)، جسٹس شفیع الرحمن کمیشن رپورٹ اور پاک فوج و پنجاب حکومت کی انکوائری رپورٹس کو فوری منظر عام پر لایا جائے کیونکہ یہ ایک بڑی سازش تھی جس کے حقائق اب تک دانستہ طور پر پوشیدہ رکھے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ضیاء الحق اور شہدائے بہاولپور کی 38ویں برسی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 17اگست کو راولپنڈی میں جنرل ضیاء الحق شہید، تیری عظمت کو سلام کے عنوان سے سیمینار اور شاہ فیصل مسجد اسلام آباد میں خصوصی دعائیہ تقریب منعقد کی جائے گی۔ملکی سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اعجاز الحق نے زور دیا کہ موجودہ بحرانوں سے نکلنے کیلئے جیل میں موجود شخص کی پارٹی سمیت تمام سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ اور میثاقِ معیشت ناگزیر ہے ، کیونکہ تلخیاں صرف بات چیت سے ہی ختم ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، اس لیے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے معاملات پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...