پاکستان اور تاجکستان کا دو طرفہ تعلقا ت بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیر سے تاجک سفیر کی ملاقات ،تجارت، زرعی تعاون، اقتصادی روابط پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان باہمی تجارت، زرعی تعاون، اقتصادی روابط اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران تاجکستان کے سفیر نے وفاقی وزیر کو ستمبر میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات موجود ہیں، جبکہ دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی رشتوں میں بھی جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا میں تاجکستان پاکستان کا ایک اہم اور قابل اعتماد شراکت دار ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ، جس کے لیے تجارت کے نئے مواقع اور متبادل تجارتی راستوں کو تلاش کرنا ہوگا۔رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان کی زرعی پیداوار، فوڈ پروسیسنگ، لائیو سٹاک، زرعی ٹیکنالوجی اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں تاجکستان کے ساتھ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments