بے نظیر بھٹو ہسپتال سے جعلی ڈاکٹر گرفتار ،مقدمہ درج
ڈاکٹر کا یونیفارم پہن کر بلڈ بینک سے خون کی بوتلیں لے کر فروخت کرنے کا الزام
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی میں بے نظیر بھٹو ہسپتال سے مبینہ جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا گیا، جس پر ڈاکٹر کا یونیفارم پہن کر بلڈ بینک سے خون کی بوتلیں لے کر فروخت کرنے کا الزام ہے ۔پولیس نے وارڈ ماسٹر راجہ نعمان کے بیان پر مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق وہ ایوننگ شفٹ میں ڈیوٹی پر موجود تھے کہ سینئر لیب ٹیکنیشن رمضان نے انہیں اطلاع دی کہ صالح افتخار نامی نوجوان ڈاکٹر کے یونیفارم میں بلڈ بینک سے خون لینے آیا تھا، جسے پہلے بھی غلط طریقے سے خون حاصل کرنے سے منع کیا گیا تھا۔متن مقدمہ کے مطابق نوجوان دوبارہ آیا تو اسے قابو کرلیا گیا اور اس کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد ہوا۔ ڈاکٹر کے یونیفارم میں ملبوس نوجوان اپنے ڈاکٹر ہونے کا کوئی ثبوت بھی پیش نہ کرسکا۔مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم جعلی طریقے سے خون کی خرید و فروخت کررہا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments