چیئرمین سی ڈی اے کا فیصل مسجد کا دورہ، کاموں کا جائزہ
تزئین و آرائش، بحالی، اپ گریڈیشن اور دیگر کام جلد مکمل کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے فیصل مسجد کا دورہ کیا ، تزئین و آرائش، بحالی، اپ گریڈیشن اور دیگر بہتری کے کاموں کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کاموں میں اعلی معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور مسجد کے موجودہ انفراسٹرکچر اور سہولیات کو جامع انداز میں بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے اقدامات کا مقصد نہ صرف مسجد کی تعمیراتی عظمت کو برقرار رکھنا ہے بلکہ نمازیوں، سیاحوں اور دیگر زائرین کے آرام، سہولت اور مجموعی تجربے کو بھی بہتر بنانا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ مسجد میں ضروری مرمت کے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، موجودہ سہولیات کی دیکھ بھال بہتر بنائی جائے ، کینٹین اور دیگر تمام ضروری سہولیات کو مزید فعال اور موثر بنایا جائے ۔ انہوں نے بالخصوص عوامی سہولیات کی اپ گریڈیشن، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات میں بہتری، راستوں اور اطراف کے علاقوں کی مناسب دیکھ بھال اور زائرین کے لیے کینٹین کی مناسب سہولت یقینی بنانے پر زور دیا۔ مسجد کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے لینڈ اسکیپنگ، شجرکاری، سبزہ زاروں کی بہتری، مناسب دیکھ بھال اور مجموعی ماحول کو خوشگوار اور منظم بنانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے اطراف صفائی اور ستھرائی کو مزید بہتر بنایا جائے ، جو اس کے منفرد طرزِ تعمیر اور روحانی اہمیت سے ہم آہنگ ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments