نوجوان بدعنوانی کیخلاف جہاد ،کرپشن ختم کریں ،ڈائریکٹر نیب
پاکستان کو تعلیم یافتہ، باکردار اور دیانت دار نوجوانوں کی ضرورت ہے
اسلام آباد ( اپنے رپورٹرسے ) نیب کے ڈائریکٹر جاوید احمد خان نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اقبال کے شاہین بنیں، اعلیٰ کردار اپنائیں اور بدعنوانی کے خلاف جہاد کرتے ہوئے ملک کو کرپشن سے پاک بنانے میں اپنا قومی کردار ادا کریں،پاکستان کو تعلیم یافتہ، باکردار اور دیانت دار نوجوانوں کی ضرورت ہے ۔ بدعنوانی قومی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے جس کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو اپنا قومی فریضہ ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نہ خود بدعنوانی میں ملوث ہوں اور نہ کسی کو بدعنوانی کرنے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اقبال کے شاہین بن کر اپنی شخصیت اور کردار کو بلند کریں اور ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر سید محمد عامر شاہ نے کہا ہے کہ اقبال کی فکر نوجوانوں کو خود احتسابی، خود شناسی، دیانت داری اور اعلیٰ کردار کی راہ دکھاتی ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر سید محمد عامر شاہ نے کہا کہ علامہ اقبال نوجوانوں کو قوم کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ سمجھتے تھے ۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خود احتسابی، خود شناسی، سچائی، دیانت داری اور دوسروں کے حقوق کے احترام کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں جبکہ غیبت، منافقت اور منفی رویوں سے اجتناب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 149ویں یومِ ولادت کے سلسلے میں منعقدہ تقریری اور کلامِ اقبال کے مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments