طلبہ کیلئے محفوظ ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ،سیکرٹری تعلیم
تعلیمی عمارتوں کے سروے مہم کے دوران چار اداروں کا دورہ ، صورتحال کا جائزہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی سیکر ٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے خطرناک اور خستہ حال تعلیمی عمارتوں کی نشاندہی کے لیے جاری سروے کے سلسلے میں گزشتہ روز چار تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عمارتوں کی حالت، طلبہ کی حفاظت اور جدید تعلیمی سہولیات کے استعمال کا جائزہ لیا۔ دورہ کیے گئے اداروں میں آئی ایم سی جی کو ٹ ہتھیال، آئی ایم ایس جی (اول تا ہشتم) کوٹ ہتھیال ، آئی ایم ایس (اول تا پنجم) ثو بان اور آئی ایم ایس بی ملپور شامل ہیں۔سیکرٹری نے ہدایت کی کہ دوسرے سے چوتھے نمبر تک کے تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے پری فیبریکیٹڈ کمرے تعمیر کیے جائیں تاکہ طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ایسے سکول کی عمارت میں طلبہ کو داخل ہونے یا وہاں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہ دی جائے جسے خطرناک قرار دیا گیا ہو، جب تک ضروری حفاظتی اقدامات مکمل نہیں کر لیے جاتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ادارے کی عمارت کو صرف معمولی مرمت کی ضرورت ہے ۔ تعلیمی اداروں میں قائم کمپیوٹر، ریاضی، تکنیکی اور سائنس لیبارٹریوں کا بھی معائنہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments