تاریخی ورثے کا تحفظ قومی ذمہ داری ،سینیٹ کمیٹی
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت نے ٹیکسلا میوزیم، آثارِ قدیمہ کے مقام موہڑہ مرادو اور ۔۔۔
سرکپ کا دورہ کیا، جہاں تاریخی ورثے کے تحفظ، جاری ترقیاتی کاموں اور یونیسکو کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں کمیٹی کا اجلاس سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں سینیٹر سرمد علی اور سینیٹر سید وقار مہدی نے بھی شرکت کی۔کمیٹی نے ٹیکسلا میوزیم کے دورے کے دوران گندھارا تہذیب سے متعلق تاریخی نوادرات کا مشاہدہ کیا اور انہیں قومی ثقافتی اثاثہ اور پاکستان کی ثقافتی شناخت کا اہم حصہ قرار دیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ تاریخی ورثے کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے ، جبکہ ٹیکسلا کا تاریخی و آثارِ قدیمہ کا ورثہ پوری دنیا کی مشترکہ میراث بھی ہے ، جسے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ضروری ہے ۔کمیٹی کو ٹیکسلا میوزیم کو سیاحوں کے لیے مزید پرکشش اور سہولتوں سے آراستہ بنانے کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے زور دیا کہ تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کے دوران یونیسکو کے رہنما اصولوں اور عالمی معیار کے مطابق تاریخی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈائریکٹر جنرل آثارِ قدیمہ نے موہڑہ مرادو اور سرکپ میں تحفظ و بحالی کے کاموں سے متعلق ایک گمنام درخواست کے نتیجے میں یونیسکو کے تحفظات پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments