اے این ایف کی کارروائیاں، 12ملزم گرفتار
3کروڑ 21لاکھ سے زائد مالیت کی 447.51کلوگرام منشیات،شراب برآمد
اسلام آباد (این این آئی) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 3کروڑ 21لاکھ سے زائد مالیت کی 447.51کلو گرام منشیات اور 1255لٹر شراب برآمد کرکے 12ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تعلیمی اداروں میں کارروائیوں کے دوران حیدر آباد میں کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 1کلو گرام چرس برآمد کرلی۔گرفتار ملزم نیطلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے ۔دیگر کارروائیوں میں ہیڈ محمد والا انٹرچینج ملتان پرانٹیلی جنس اطلاع پر دو کارروائیوں کے دوران 2گاڑیوں سے مجموعی طور پر 20کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے 2ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ہیروئن گاڑیوں کی ٹینکیوں میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔مادرِملت روڈ نرسری سٹاپ لاہور پر موٹر سائیکل سوار ملزم سے 90.5کلو گرام پوٹاشیم پرمینگنیٹ ،جبکہ کورنگی کراچی میں انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کے دوران ملزم سے 314کلو گرام پوٹاشیم پرمینگنیٹ برآمد کرلی یوں مجموعی طور پر دونوں کارروائیوں میں 304.5کلو گرام پوٹاشیم پرمینگنیٹ برآمد کر لی۔ نائنتھ ایونیو سروس روڈ اسلام آباد پر واقع پارک کے قریب انٹیلی جنس اطلاع پر گاڑی میں سوار 2ملزمان کے قبضے سے 65گرام کوکین برآمد، گاڑی سمیت ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کوٹ لکھپت لاہور میں واقع نجی کوریئر آفس میں بنگلہ دیش جانیوالے پارسل میں موجود کپڑوں میں جذب آئس برآمدہوئی کپڑوں کا کل وزن 1.315 کلوگرام تھا۔ مادرِملت روڈ گرین ٹان لاہور میں پارک کے قریب گاڑی سے 15 کلوگرام آئس کیساتھ 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔منشیات گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ کوٹ لکھپت لاہور میں انٹیلی جنس اطلاع پر ایک اور کارروائی کے دوران نجی کوریئر آفس میں قبرص جانیوالے پارسل میں موجود مردانہ کپڑوں میں جذب آئس برآمدہوئی کپڑوں کا کل وزن 1.630 کلوگرام تھا۔پاکستان کی سمندری حدود میں اے این ایف اور پاکستان میری ٹائم ایجنسی نے مشترکہ انٹیلی جنس کارروائی میں1255 لیٹر شراب برآمد کرلی۔ بائی پاس روڈ سکھر میں گاڑی سے 5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، منشیات گاڑی کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments