قومی ادارے بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیں، ثروت اعجاز

قومی ادارے بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیں، ثروت اعجاز

انڈیا کی جانب سے سرحدوں پر میزائل نصب کرنے کے نتائج خوفناک ہوسکتے ہیںسروں پر کفن باندھ کر ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرینگے ،مفتی ابو حماد سے گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ قومی ادارے بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیں،انڈیا نے سرحدوں پر میزائل نصب کردیے جس کے نتائج خوفناک نکل سکتے ہیں، پاکستان کے عوام، علماء ومشائخ بھارت کی ہر قسم کی جارحیت ناکام بنانے کیلئے متحد ہیں،بانیان پاکستان کی اولادیں سروں پر کفن باندھ کر ملک کے چپے چپے کی حفاظت کریں گی،بھارت کی کسی بھی قسم کی غلطی، شرارت اورجارحیت کو برداشت نہیں کیا جائیگا، اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کو تیار ہیں۔مفتی اعظم سندھ وبلوچستا ن ابو حماد احمد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلم نسل کشی پر عالمی برادری نے خاموشی نہیں توڑی تو مذاہب میں ٹکراؤ وانتشار کا خدشہ ہے جس کی ذمہ داری بھارت ،عالمی برادری اور عالمی اداروں پر عائد ہوگی۔ ثروت قادری نے کہا کہ 5 جنوری کو نشترپارک میں جانثاران مصطفی کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مسلمانوں سے یکجہتی اور ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے حکمرانوں کو فارمولہ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی،حکمران مہنگائی پر مہنگائی کررہے ہیں، معیشت مستحکم ہونے کے صرف دعوے کئے جارہے ہیں جبکہ ہر 20دن بعد مہنگائی کردی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولیاء اللہ کا فیضان ہے ، امن دشمنوں کا مقابلہ اولیاء اللہ کی تعلیمات سے کریں گے، پاک افواج قدم بڑھائیں پوری قوم ان کے شانہ بشانہ ہوگی۔ اس موقع پر سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے مفتی اعظم سندھ وبلوچستا ن ابو حماد احمد کو 5جنوری کو نشتر پارک کراچی میں منعقد ہونے والی جانثاران مصطفی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں علامہ جواد قادری،خالد حسن عطاری،محمد عابد قادری ودیگر بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں