کندھ کوٹ :گاڑی نہ روکنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ،بچہ جاں بحق
کندھکوٹ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) کندھکوٹ میں ڈاکوؤں نے گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کرکے بچے کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ میں تنگوانی انڈس ہائی وے باجکانی لاڑو تھانے تنگوانی کی حدود میں ٹھل سے کندھکوٹ کی طرف جانے والی گاڑی کو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی غرض سے روکنے کی کوشش کی،تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے اس کی رفتار مزید تیز کردی جس پر ڈاکوؤں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے 10 سالہ ضمیر لاشاری موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ روہڑی میں تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہونے سے ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ روہڑی کے علاقے سیمنٹ فیکٹری شاہ خیروند کا رہائشی اور گاڑیوں کا مکینک حاکم علی شیخ دوست سکندر علی شر کے ہمراہ روہڑی شہر کی جانب جارہاتھا کہ روہڑی پل کے مقام پر موٹر سائیکل سلپ ہوگئی ۔ متوفی نے تین بچوں اور بیوی کو سوگوار چھوڑا ہے ۔ محراب پور کے مورو تھانے کی حدود گاؤں ملک میں زرعی اراضی پر لگے ٹیوب ویل پر نہاتے ہوئے بچل سندیلو نامی نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا ۔اسی طرح درس تھانہ کی حدود درس مورو رابطہ سڑک پر موٹر سائیکل پھسل جانے سے نوجوان خاتون زخمی ہوگئیں جب کہ قومی شاہراہ پر ٹریلر الٹنے سے ٹریلر ڈرائیور اور کلینر زخمی ہوگئے ۔مورو پولیس کے مطابق زخمیوں کو مورو اسپتال منتقل کرد یاگیا۔