جماعت اسلامی کا نرسنگ کیلئے علیحدہ بجٹ کامطالبہ

 جماعت اسلامی کا نرسنگ کیلئے علیحدہ بجٹ کامطالبہ

میرٹ پربھرتیاں ،نائٹ الاؤنس ،اوور ٹائم کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے ای چالان کے بھاری اور ظالمانہ جرمانوں کو فوری ریویو کیا جائے ،منعم ظفرخان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ حکومت نے تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر رکھا ہے جس کے باعث نوجوان آگے بڑھنے کے مواقع سے محروم ہیں۔ سندھ حکومت کا عمل وژن جہالت سب کیلئے بن چکا ہے ، نرسنگ کا شعبہ صحت کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے مگر بدقسمتی سے حکومت کی عدم توجہی، نااہلی اور کرپشن کے باعث یہ شعبہ شدید مسائل کا شکار ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر نرسنگ کیلئے علیحدہ بجٹ مختص کیا جائے ، نائٹ الاؤنس، ریسٹ الاؤنس،اوور ٹائم کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں۔ نرسنگ کانفرنس سے خصوصی خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفرنے کہا کہ ڈمپر، ٹینکر اور ٹرالرز کے باعث روزانہ شہری کچلے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی گزشتہ 17 برس سے اقتدار میں ہونے کے باوجود شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی طور پر کچھ نہیں کر سکی۔ سندھ حکومت بتائے کہ آخر کب تک اہلِ کراچی ہیوی ٹریفک حادثات کا شکار ہوتے اور کب تک شہری اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے ؟جماعت اسلامی کے تحت بے لگام ہیوی ٹریفک میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور ظالمانہ ای چالان کے خلاف 19 دسمبر کو کراچی بھر میں دھرنے دیے جائیں گے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ای چالان کے بھاری اور ظالمانہ جرمانوں کو فوری طور پر ریویو کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں