چار روزہ عالمی اردو کانفرنس کا 25دسمبر سے آغاز
دو عالمی مشاعرے ہوں گے ،نمایاں ادیبوں کے ساتھ نشست رکھی گئی ہیں جس قوم کی ادبی اور ثقافتی شناخت ختم ہو جائے وہ برباد ہوجاتی ہے ،احمدشاہ
کراچی(اے پی پی)صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ چار روزہ عالمی اردو کانفرنس 2025۔ جشن پاکستان کا آغاز 25دسمبر کو کیا جائے گا جو 28دسمبر تک آرٹس کونسل میں جاری رہے گی۔ منگل کو پریس کانفرنس میں محمد احمد شاہ، معروف شاعرہ زہرا نگاہ، ماہر تعلیم و دانشور پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، نائب صدر منور سعید، جوائنٹ سیکریٹری نور الہدی شاہ اور سیکرٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے بھی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت ادبی مورچہ ہے ، جس قوم کی ادبی اور ثقافتی شناخت ختم ہو جائے وہ قوم برباد ہوجاتی ہے ، جو لوگ اس دنیا سے چلے گئے وہ سب اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ کسی بھی قوم کی شناخت اس کی ثقافت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈائیلاگ کے ذریعے اپنی بات آگے پہنچائی، ہم نے اردو کانفرنس میں ملک کی مقامی زبانوں کو بھی شامل کیا، پاکستان سمیت دنیا بھر سے تمام ادیب اور شعرااردو کانفرنس میں آرہے ہیں، اس مرتبہ ہم 1947سے اب تک پاکستانی ادب کاجشن منا رہے ہیں، جتنے بڑے شاعر ، ناول نگار، افسانہ نگار سب پر کانفرنس میں بات ہوگی جو لوگ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں نمایاں ادیبوں کے ساتھ نشست رکھی گئی ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ دو عالمی مشاعرے ہوں گے ۔ اعجاز فاروقی نے کہاکہ تسلسل کے ساتھ عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد ہونا معمولی بات نہیں۔